ٹرمپ کا سخت دعویٰ، زیلنسکی میری منظوری کے بغیر کچھ حاصل نہیں کر سکتے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر وولوڈیمیر زیلنسکی کے بارے میں ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیلنسکی کے پاس میری منظوری کے بغیر کچھ بھی نہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک امریکی میڈیا ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی، جو زیلنسکی سے متوقع ملاقات سے محض دو دن قبل سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں رہنما فلوریڈا میں ملاقات کریں گے، جہاں روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بیس نکاتی امن منصوبے پر بات چیت متوقع ہے۔ اس منصوبے میں غیر فوجی زون کا قیام، زاپوریزہیا جوہری پلانٹ کا انتظام، ڈونباس کے علاقوں کا کنٹرول اور جنگ کے بعد یوکرین کے لیے امریکی سکیورٹی ضمانتیں شامل ہیں۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ اس ملاقات میں یوکرین کی سلامتی، علاقائی معاملات اور جوہری پلانٹ کے کنٹرول پر تفصیلی بات کریں گے۔ ان کے مطابق امن منصوبہ نوے فیصد مکمل ہوچکا ہے اور سلامتی سے متعلق کئی دستاویزات تیار کی جاچکی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں امریکہ، یوکرین اور یورپی نمائندوں کے درمیان تین روزہ مذاکرات منعقد ہوئے تھے۔ مبصرین کے مطابق آنے والی ملاقات سے قبل نئے سال سے پہلے بڑے فیصلے متوقع ہیں، جو خطے کی سیاست پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔



