بین الاقوامیعرب دنیا

ایران مذاکرات کیلئے ٹرمپ کا اسرائیل کو لبنان میں حملے کم کرنے کا مشورہ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں جاری فوجی حملوں کی شدت کم کی جائے تاکہ ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی اور امن مذاکرات متاثر نہ ہوں۔

ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے ٹیلیفون پر واضح کیا کہ وہ اسرائیل کے دفاع کے حق کو سمجھتے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ حملوں کی رفتار کم کر کے جنگ بندی کو مضبوط بنایا جائے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیل نے لبنان میں تقریباً سو فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں تین سو سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے اور کئی رہائشی علاقے تباہ ہو گئے۔

ایران اور پاکستان نے ان حملوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ صورتحال آئندہ اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کو متاثر کر سکتی ہے۔

دوسری جانب نیتن یاہو نے واضح کیا کہ لبنان میں کوئی جنگ بندی نہیں اور اسرائیل اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق فوج دریائے لیتانی تک پیش قدمی کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ایک محفوظ بفر زون قائم کیا جا سکے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی خطے میں امن کا واحد راستہ ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق مارچ سے اب تک اٹھارہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button