ایران میں حکومت کی تبدیلی بہتر حل ہوسکتا ہے ٹرمپ، مشرق وسطیٰ میں دوسرا جنگی بحری جہاز روانہ
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی شاید سب سے بہتر قدم ہو سکتا ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے مشرق وسطیٰ کی طرف دوسرا طیارہ بردار جنگی بحری جہاز روانہ کیا ہے۔
شمالی کیرولائنا میں ایک فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سینتالیس برس سے ایران مذاکرات کی بات کرتا رہا ہے لیکن اس دوران کئی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو امریکہ سخت کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق جنیوا میں ایرانی حکام اور امریکی نمائندوں کے درمیان بات چیت متوقع ہے جبکہ عمان ثالث کا کردار ادا کرے گا۔ امریکہ چاہتا ہے کہ جوہری پروگرام کے ساتھ ساتھ ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اس کی سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہو، تاہم ایران نے میزائل معاملے کو مذاکرات سے الگ قرار دیا ہے۔
امریکہ کا جدید اور دنیا کے بڑے طیارہ بردار بحری جہازوں میں شمار ہونے والا جیرالڈ آر فورڈ مشرق وسطیٰ کی جانب بڑھ رہا ہے جو پہلے سے موجود ابراہام لنکن میں شامل ہوگا۔ اس پر درجنوں جنگی طیارے تعینات کیے جا سکتے ہیں اور یہ جدید دفاعی نظام سے لیس ہے۔



