ونزویلا کے قریب امریکی حملہ: چھ افراد ہلاک ~
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے ونزویلا کے ساحل کے قریب ایک کشتی پر کارروائی کرتے ہوئے چھ افراد کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کی گئی تھی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ یہ کشتی بین الاقوامی پانیوں میں منشیات لے جا رہی تھی اور امریکی خفیہ اداروں کے مطابق یہ غیر قانونی نیٹ ورک سے منسلک تھی۔ اس کارروائی کے بعد ستمبر سے اب تک وینزویلا کے قریب امریکی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، ونزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اس کارروائی کو قومی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ وینزویلا کی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا کہ امریکی لڑاکا طیارے دو اکتوبر کو ہمارے ساحل سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر داخل ہوئے، جو بین الاقوامی قوانین اور فضائی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
مادورو حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ منشیات کے خطرے کو بہانہ بنا کر لاطینی امریکہ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہا ہے۔ اس اقدام کو وینزویلا نے اشتعال انگیز کارروائی قرار دیا ہے جو خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔



