ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں NYC میئر منتخب ممدانی سے ملاقات کریں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ نومنتخب نیویارک سٹی میئر زوہران ممدانی جمعہ کے روز وہائٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کریں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ ممدانی کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں اور انتخاب سے قبل انہوں نے خبردار کیا تھا کہ ممدانی کی جیت شہر کیلئے “مکمل معاشی اور سماجی تباہی” ثابت ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں ممدانی کو "کمیونسٹ میئر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات جمعہ کے روز اوول آفس میں ہوگی۔
دوسری جانب، اپنی تاریخی کامیابی کے بعد ممدانی نے پرجوش خطاب میں ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیویارک وہ شہر ہے جو ہمیشہ مہاجرین کی طاقت سے چلتا آیا ہے اور اب ایک مہاجر پس منظر رکھنے والا شخص اس کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ٹرمپ جیسے رہنماؤں کو سبق سکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ممدانی کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے اسے ”غصے سے بھرا ہوا خطاب” قرار دیا اور کہا کہ اگر ممدانی واشنگٹن کے ساتھ عزت و احترام سے پیش نہیں آئے تو وہ کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔
زوہران ممدانی نیویارک کے پہلے جنوبی ایشیائی اور مسلمان میئر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ معروف فلم ساز میرا نائر کے بیٹے اور ممتاز محقق محمود ممدانی کے فرزند ہیں۔ وہ یوگنڈا میں پیدا ہوئے اور سات برس کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ نیویارک منتقل ہوئے۔



