آندھرا پردیش میں ایکسپریس ٹرین میں آگ، دو کوچ جل گئے، ایک مسافر جاں بحق
آندھرا پردیش کے یلمآنچلی علاقے میں پیر کی علی الصبح ایک خوفناک ریلوے حادثہ پیش آیا، جہاں ٹاٹانگر–ارناکولم ایکسپریس کے دو اے سی کوچز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ درجنوں مسافروں کی جان بال بال بچ گئی۔ واقعہ وشاکھا پٹنم سے تقریباً 66 کلومیٹر دور پیش آیا۔
پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع رات 12 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی۔ آگ بی ون اور ایم ٹو اے سی کوچز میں لگی، جو پینٹری کار کے قریب واقع تھے۔ آگ لگنے کے وقت ایک کوچ میں 82 مسافر اور دوسرے میں 76 مسافر سوار تھے۔
ٹرین کے لوکو پائلٹس نے شعلے دیکھتے ہی فوراً ٹرین روک دی۔ گھنا دھواں پھیلنے سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے کوچز سے باہر نکل آئے۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی دونوں کوچز مکمل طور پر جل چکے تھے۔
بعد ازاں قریبی فائر اسٹیشنوں سے آنے والی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا۔ ایمبولینسیں موقع پر پہنچائی گئیں اور ریلوے حکام نے حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے بتایا کہ بی ون کوچ سے ایک لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت وجے واڑہ کے رہائشی 70 سالہ چندر شیکھر سندر کے طور پر ہوئی۔
ریلوے ترجمان کے مطابق بروقت کارروائی سے بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔



