بین الاقوامیعرب دنیا

امریکہ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ، دو افراد ہلاک، آٹھ شدید زخمی، ملزم فرار

امریکہ کی معروف براؤن یونیورسٹی میں امتحانات کے دوران پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں دو افراد ہلاک اور آٹھ شدید زخمی ہو گئے، جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم تاحال فرار ہے۔ واقعہ ہفتہ کے روز یونیورسٹی کے انجینئرنگ بلڈنگ میں پیش آیا، جس سے پورے کیمپس میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سیاہ لباس میں ملبوس تھا اور فائرنگ کے بعد انجینئرنگ عمارت سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے کئی گھنٹوں تک یونیورسٹی کی عمارتوں کی تلاشی لی اور قریبی علاقوں میں گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ شہر کے میئر نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

فائرنگ کے بعد آٹھ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے چھ کی حالت نازک مگر مستحکم بتائی جا رہی ہے، جبکہ ایک شدید اور ایک خطرے سے باہر ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ابتدا میں ملزم کی گرفتاری کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں وضاحت کی گئی کہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آوازیں سن کر طلبہ نے کلاس رومز اور لیبارٹریز میں خود کو بند کر لیا، لائٹس بند کر کے میزوں کے نیچے چھپ گئے۔ کئی طلبہ خوف کے مارے قریبی دکانوں اور عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب یونیورسٹی میں فائنل امتحانات جاری تھے۔ ایف بی آئی نے بھی تحقیقات میں تعاون شروع کر دیا ہے۔ امریکہ کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف متاثرین کے لیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button