امریکا اور بھارت کا تاریخی رشتہ، صدر ٹرمپ کا یومِ جمہوریہ پیغام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور بھارت دنیا کی قدیم ترین اور سب سے بڑی جمہوریتیں ہونے کے ناطے ایک تاریخی رشتہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر بھارت کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی عوام کی جانب سے بھارت کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دونوں ممالک کے تعلقات جمہوری اقدار پر مبنی ہیں۔ یہ پیغام نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے ذریعے جاری کیا گیا۔
اسی موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی بھارت کو مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، توانائی، اہم معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار ملکی تعاون کے ذریعے خطے میں استحکام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور نے بھی کرتویہ پتھ پر یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کے بعد بھارت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین اور جمہوری روح کی یہ تقریب قابلِ فخر ہے۔ پریڈ میں امریکی ساختہ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی شمولیت کو بھارت۔امریکا اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط علامت قرار دیا گیا۔
تاہم رپورٹ کے مطابق تجارتی محصولات، درآمدی ڈیوٹی اور امیگریشن پالیسی جیسے معاملات پر دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ عرصے میں تناؤ بھی دیکھا گیا ہے۔ اس کے باوجود دونوں فریق دو طرفہ تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔



