ایران کے خلاف کارروائی، چند ہفتوں میں بڑی کامیابی کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو ماضی کی جنگوں سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن نے چند ہی ہفتوں میں وہ نتائج حاصل کیے جو پہلے برسوں میں حاصل ہوتے تھے۔
قوم سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو بتیس دن ہو چکے ہیں اور اس دوران ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کے بعد وہ اب بڑا خطرہ نہیں رہا۔
ٹرمپ نے اس کارروائی کا موازنہ پہلی عالمی جنگ، دوسری عالمی جنگ، کوریائی جنگ اور ویتنام جنگ سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگیں کئی سال جاری رہیں، جبکہ موجودہ کارروائی انتہائی تیز اور مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق جنگ بھی کئی سال تک جاری رہی، لیکن ایران کے خلاف حالیہ آپریشن میں غیر معمولی رفتار سے کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق تاریخ میں پہلی بار کسی دشمن کو اتنے کم وقت میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ یہ آپریشن اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ماضی کی طویل جنگوں کے مقابلے میں محدود اور مختصر ہے۔



