علاقائی خبریںقومی

ششی تھرور کا بڑا اعلان ویر ساورکر ایوارڈ لینے سے صاف انکار

کانگریس کے ممتاز رہنما اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ ویر ساورکر ایوارڈ کو قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ تھرور کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کی نوعیت, پس منظر اور منتظمین کے بارے میں مکمل وضاحت موجود نہیں، اس لیے اس تقریب میں جانا ممکن نہیں۔

تھرور نے کہا کہ منتظمین کی جانب سے ان کا نام اعلان کرنا غیر ذمہ دارانہ ہے کیونکہ انہوں نے کبھی بھی ایوارڈ قبول کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
اسی دوران کانگریس کے سینئر رہنما کے. مرلی دھرن نے بھی بیان دیا کہ پارٹی کے کسی بھی رہنما کو ایسا ایوارڈ قبول نہیں کرنا چاہیے جو ویر ساورکر کے نام سے منسوب ہو، کیونکہ ان کے مطابق ساورکر نے "برطانوی حکمرانوں کے سامنے سر جھکایا تھا”۔

مرلی دھرن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تھرور کبھی بھی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جو کانگریس پارٹی کیلئے شرمندگی کا باعث بنے۔
بعد ازاں تھرور نے دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ایوارڈ کے بارے میں صرف میڈیا رپورٹس کے ذریعے علم ہوا اور وہ پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ وہ اس تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تھرور نے کہا کہ جب تک ایوارڈ کے متعلق تمام تفصیلات واضح نہیں ہوتیں، اسے قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دوسری جانب ایوارڈ دینے والی تنظیم ایچ آر ڈی ایس انڈیا کے سیکریٹری آجی کرشنن نے دعویٰ کیا کہ تھرور کو اس بارے میں پہلے سے بتا دیا گیا تھا۔
تاہم تھرور اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ وہ اس ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں رکھتے اور ان کا نام بغیر اجازت شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button