حیدرآباد کو بہترین رہائشی شہر بنانے کیلئے ریونت ریڈی کا ٹیکنالوجی پر بڑا اعلان
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت شہری مسائل کے حل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ حیدرآباد کو ملک کا بہترین رہائشی شہر بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے حیدرآباد کو ایک کاسمولوٹن شہر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نالج حب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں مضبوط انفرااسٹرکچر اور وسائل کی موجودگی اسے سب سے زیادہ قابلِ رہائش شہر بناتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بات اینا لاگ اے آئی کے سربراہ اور معروف ٹیکنالوجسٹ ایلیکس کِپ مین سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ٹریفک جام، شہری سیلاب، جھیلوں کا تحفظ، موسم کی پیش گوئی، صنعتی آلودگی کی نگرانی جیسے اہم شہری مسائل کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
حکومت اور کِپ مین کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا کہ شہر میں ریئل ٹائم سینسر سسٹم لگایا جائے گا جس کے ذریعے ٹریفک، حفاظت، ماحول اور یوٹیلٹیز کی مسلسل نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
کِپ مین نے فزیکل انٹیلی جنس کے تصور کی وضاحت کی، جو مصنوعی ذہانت اور حقیقی دنیا کے ملاپ پر مبنی ہے، اور بتایا کہ بڑے پیمانے پر سینسرز، روبوٹس اور ڈرونز کے استعمال سے پوری طرح اسمارٹ شہر بنانا ممکن ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت فیوچر سٹی کو ایک عالمی ٹیکنالوجی مرکز بنایا جائے گا، جہاں معاشی ترقی اور پائیداری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہر میں لگے ہزاروں کیمرے شہری حفاظت کو بہتر بنانے کیلئے موثر طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کِپ مین کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔



