وہیل چیئر استعمال کرنے والی خاتون انجینئر خلا میں جانے والی پہلی مسافر بن گئیں
جرمنی کی ایک باہمت خاتون انجینئر مائیکائلا بینٹ ہاؤس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے وہیل چیئر استعمال کرنے والی پہلی خاتون کے طور پر خلا کا سفر مکمل کر لیا۔ یہ تاریخی پرواز امریکی خلائی کمپنی بلو اوریجن کے ذریعے ٹیکساس سے انجام دی گئی۔
بلو اوریجن کا نیو شیپرڈ سب آربیٹل مشن ہفتہ کی صبح روانہ ہوا، جس میں مائیکائلا بینٹ ہاؤس بھی شامل تھیں۔ وہ یورپی خلائی ایجنسی میں ایرو اسپیس اور میکاٹرانکس انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ تقریباً دس منٹ کے اس مختصر سفر کے دوران مسافروں نے کارمن لائن عبور کی، جو خلا کی بین الاقوامی حد سمجھی جاتی ہے۔
مائیکائلا بینٹ ہاؤس ایک حادثے کے بعد ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کا شکار ہوئیں، جس کے باعث وہ وہیل چیئر استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ دنیا آج بھی معذور افراد کے لیے غیر موافق ہے۔ ان کے مطابق اگر معاشرہ واقعی شاملاتی بننا چاہتا ہے تو ہر شعبے میں برابری کو یقینی بنانا ہوگا، حتیٰ کہ خلا جیسے میدان میں بھی۔
پرواز کے دوران راکٹ عمودی انداز میں بلند ہوا، بعد ازاں کیپسول الگ ہو کر پیرا شوٹس کی مدد سے بحفاظت زمین پر واپس آ گیا۔ یہ بلو اوریجن کی سولہویں انسانی پرواز تھی، جس کے ذریعے اب تک کئی معروف شخصیات بھی خلا کا سفر کر چکی ہیں۔



