گڈوال میں افسوسناک واقعہ ناشتے میں کیڑے، 15 طلبہ اسپتال منتقل
جوگلەمبا گڈوال ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایس سی ہوسٹل کے 15 طلبہ کو اس وقت اسپتال منتقل کرنا پڑا جب ان کے ناشتے میں کیڑے برآمد ہوئے۔ طلبہ کو ناشتے میں اُپما، کیلے اور بسکٹ دیے گئے تھے، لیکن کچھ ہی دیر میں انہوں نے شکایت کی کہ اُپما میں کیڑے موجود تھے۔
چند طلبہ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور کچھ بے ہوش بھی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ہوسٹل عملے اور اساتذہ نے تمام متاثرہ طلبہ کو گورنمنٹ جنرل اسپتال منتقل کر دیا۔
اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ تمام طلبہ کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل ٹیم نے فوری ٹیسٹ کیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ واقعہ فوڈ پوائزننگ ہے یا صفائی میں غفلت کا نتیجہ۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ہوسٹلز میں بچوں کی صحت و خوراک کے معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے خطرناک واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔



