زوہران ممدانی کا اعلان نیو یارک ہمیشہ مہاجرین کا شہر رہے گا
نیو یارک کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی نے اپنی جیت کے بعد جذباتی تقریر میں کہا کہ نیو یارک ہمیشہ مہاجرین کا شہر رہے گا، یہ شہر مہاجرین نے بنایا، سنبھالا اور اب ایک مہاجر ہی چلا رہا ہے۔
زوہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، “ٹرمپ صاحب! اگر آپ سن رہے ہیں تو آواز ذرا اونچی کریں، کیونکہ نیو یارک اب نفرت نہیں، محبت کا پیغام دے گا۔”
انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور امیر طبقے کو احتساب کے دائرے میں لائیں گے، تاکہ کوئی ارب پتی ٹیکس سے بچ نہ سکے۔
زوہران ممدانی کی کامیابی امریکی سیاست میں ایک تاریخی موڑ سمجھی جا رہی ہے۔ وہ یوگنڈا میں پیدا ہوئے، بھارتی نژاد ہیں، اور سات سال کی عمر میں امریکہ منتقل ہوئے۔ 2018 میں وہ امریکی شہری بنے۔
انہوں نے جون میں ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات میں غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی۔ اب ان کا مسکراتا چہرہ نیو یارک کی گلیوں میں امید کی علامت بن چکا ہے۔



