ملک کی ترقی سب کو یکساں مواقع دینے سے ہی ممکن ریونت ریڈی
تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ اقلیتوں اور دلتوں کی ترقی کے بغیر ملک کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہے۔ ملک کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو ہی ہر شعبے میں حقیقی ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
چیف منسٹر نے یہ بات بدھ کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر قومی یومِ تعلیم کے سلسلے میں بنجارہ ہلز کے بنجارہ بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ آزاد نے ملک میں صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ غریب طبقات کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت موجودہ آئی ٹی آئیز کو جدید ٹیکنالوجی کے مراکز میں تبدیل کررہی ہے۔
اقلیتی نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع
چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتی طبقات میں بے شمار باصلاحیت نوجوان موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت اسکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے تاکہ نوجوان تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر سیکھ کر اپنے مستقبل کو بہتر بناسکیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تعلیمی اور ہنرمندی کے شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
پرانے شہر میں میٹرو ریل لانے کا اعلان
حیدرآباد کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ شہر کو صرف پرانے شہر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک مکمل اور ترقی یافتہ شہری مرکز کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حیدرآباد کے پرانے شہر تک میٹرو ریل کی سہولت پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریائے موسیٰ کو بھی شہر کی ترقی کے منصوبے کا اہم حصہ سمجھتے ہوئے اس کی بحالی اور ترقی پر توجہ دی جارہی ہے۔



