سائنسعلاقائی خبریںقومی

نومبر کا سپر مون آج روشن ہوگا، چاند معمول سے 30 فیصد زیادہ چمکے گا

نومبر کا مکمل چاند اس ہفتے آسمان پر دلکش منظر پیش کرنے والا ہے۔ اس بار سپر مون کے دوران چاند معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا۔ ماہرین کے مطابق، یہ رواں سال کے آخری مہینوں میں لگاتار نظر آنے والے تین سپر مونز میں سے پہلا ہوگا۔ نومبر کے اس مکمل چاند کو ’’بیور مون‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ارتھ اسکائی کے مطابق، مکمل چاند بدھ کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 54 منٹ پر اپنی مکمل روشنی کے عروج پر پہنچے گا۔ اگرچہ اس وقت امریکہ میں دن ہوگا، لیکن چاند منگل اور بدھ کی رات بھی مکمل اور روشن دکھائی دے گا۔ ناسا کے گوڈارڈ اسپیس فلائٹ سینٹر کی لیبارٹری کے سربراہ نوح پیٹرو کے مطابق، چاند کو دیکھنے کے لیے کسی خاص وقت تک انتظار ضروری نہیں، کیونکہ عروج سے پہلے اور بعد کی راتوں میں بھی یہ تقریباً مکمل نظر آئے گا۔

سپر مون معمول سے کتنا بڑا ہوگا؟

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہر کیون لیوس کے مطابق، چاند کا مدار مکمل دائرہ نہیں بلکہ قدرے بیضوی ہے۔ اسی لیے بعض اوقات چاند زمین کے زیادہ قریب آجاتا ہے اور آسمان پر معمول سے بڑا دکھائی دیتا ہے۔

نوح پیٹرو کے مطابق، نومبر کا سپر مون سال کے سب سے چھوٹے مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 17 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ اس منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے دوربین یا کسی خاص آلے کی ضرورت نہیں، تاہم دوربین کے ذریعے چاند کی سطح پر موجود گڑھے اور قدیم لاوے سے بنے وسیع تاریک میدان بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سپر مون دیکھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں درختوں، بلند عمارتوں اور تیز روشنی کی رکاوٹ نہ ہو۔ غروبِ آفتاب کے کچھ دیر بعد چاند افق کے قریب ہوگا، جہاں یہ خاص طور پر بڑا دکھائی دے سکتا ہے۔ اس کیفیت کو ’’مون الیوژن‘‘ کہا جاتا ہے، جس میں افق پر موجود درختوں اور عمارتوں کے ساتھ موازنہ کرنے کی وجہ سے چاند حقیقت سے بڑا محسوس ہوتا ہے۔

دسمبر میں سال کا سب سے بڑا سپر مون

اولڈ فارمرز المناک کے مطابق، دسمبر کا مکمل چاند 2026 کا آخری اور سب سے بڑا سپر مون ہوگا۔ اسے ’’کولڈ مون‘‘ کہا جاتا ہے اور یہ 23 دسمبر کو اپنے عروج پر پہنچے گا۔ اس کے بعد 22 جنوری 2027 کو سال کا پہلا مکمل چاند، جسے ’’ولف مون‘‘ کہا جاتا ہے، دکھائی دے گا۔

آسمان کا مشاہدہ کرنے والوں کے لیے دسمبر میں 13 اور 14 تاریخ کو جیمِنڈز اور 21 اور 22 دسمبر کو ارسڈز شہابی بارش بھی اہم مواقع ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button