گوگل سرچ کا اے آئی موڈ مزید اسمارٹ، اب ڈرائیو اور والٹ سے بھی جڑے گا
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے سرچ انجن کے اے آئی موڈ میں پرسنل انٹیلی جنس کی سہولت کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اب صارفین گوگل والٹ، گوگل ڈرائیو اور جیمنی ایپ کو اس فیچر سے منسلک کرسکیں گے، جس سے مصنوعی ذہانت صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کے تناظر میں زیادہ متعلقہ اور مفید جوابات فراہم کرسکے گی۔
گوگل نے پیر، 23 نومبر کو اعلان کیا کہ پرسنل انٹیلی جنس کے ذریعے صارفین اپنی مختلف ایپس سے معلومات کو اے آئی موڈ کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں۔ اس سے پہلے یہ سہولت جی میل، گوگل کیلنڈر اور گوگل فوٹوز کے لیے دستیاب تھی۔ اب گوگل والٹ کی سہولت مرحلہ وار متعارف کرائی جارہی ہے، جبکہ ڈرائیو اور جیمنی ایپ کا انضمام آنے والے ہفتوں میں شروع ہوگا۔
گوگل والٹ سے مالی معاملات کی منصوبہ بندی
گوگل کے مطابق، والٹ کو اے آئی موڈ سے منسلک کرنے کے بعد صارفین اپنے اخراجات کا جائزہ لے سکیں گے، مالی اہداف کی منصوبہ بندی کرسکیں گے اور روزمرہ اخراجات کم کرنے کے طریقے جان سکیں گے۔ اس کے علاوہ کریڈٹ کارڈز کے کیش بیک، سفری سہولتوں اور انعامی پوائنٹس سے بہتر فائدہ اٹھانے کے مشورے بھی حاصل کیے جاسکیں گے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ والٹ سے منسلک ہونے کے بعد اے آئی موڈ صرف مالی معلومات پڑھ سکے گا۔ اسے صارفین کی رقم منتقل کرنے، مالی کھاتوں کا انتظام کرنے یا سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
گوگل ڈرائیو اور جیمنی سے بھی رابطہ
جیمنی ایپ اور گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کے درمیان بھی معلومات کا تبادلہ ممکن ہوگا۔ اس طرح صارفین جیمنی پر کسی موضوع پر گفتگو شروع کرنے کے بعد سرچ میں اسی سلسلے کو آگے بڑھا سکیں گے، انہیں دوبارہ ابتدا سے تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
صارفین کو اپنی معلومات پر اختیار
گوگل کے مطابق، ایپس کو پرسنل انٹیلی جنس سے منسلک کرنا مکمل طور پر اختیاری ہوگا۔ صارفین جب چاہیں ان رابطوں کو فعال یا بند کرسکیں گے۔ کمپنی جلد ہی اے آئی موڈ کے جوابات کے نیچے ایک نیا ’’پرسنلائزیشن‘‘ آئیکن بھی متعارف کرائے گی، جس کے ذریعے معلوم کیا جاسکے گا کہ جواب تیار کرنے میں کون سی ذاتی معلومات استعمال کی گئی ہیں۔
گوگل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اے آئی اوور ویوز اور اے آئی موڈ اب صارفین کی حالیہ سرچ سرگرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ ذاتی اور متعلقہ جوابات فراہم کریں گے۔


