مودی اور نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے درمیان اہم ملاقات
وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے پیر کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں دو طرفہ مذاکرات کیے۔ ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ، رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
بالیندر شاہ دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ پیر کی صبح راشٹرپتی بھون میں انہیں رسمی استقبال پیش کیا گیا، جہاں وزیر اعظم مودی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ شاہ بعد میں صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔ مودی نے نیپالی وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا ہے۔
مشترکہ وژن دستاویز کا امکان
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون کے لیے ’’سمردھ نیپال، سمنّت بھارت‘‘ (خوشحال نیپال، ترقی یافتہ ہندوستان) کے عنوان سے مشترکہ وژن دستاویز پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ اس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے اہداف متعین کیے جانے کا امکان ہے۔
دونوں رہنما نئی دہلی سے ورچوئل طریقے سے سریو-کملہ ایکسپریس کو بھی روانہ کریں گے۔ اس کے علاوہ توانائی اور رابطوں سے متعلق مکمل ہونے والے بعض منصوبوں کا افتتاح اور نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی بھی توقع ہے۔
35 رکنی سرکاری وفد کی آمد
نیپالی وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خزانہ سورنم واگل، وزیر خارجہ ششر خانال، وزیر اعظم کے چیف ایڈوائزر کمار بیانجنکر اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل 35 رکنی سرکاری وفد بھی ہندوستان آیا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری نمائندوں پر مشتمل 52 رکنی وفد بھی اپنے اخراجات پر اس دورے میں شریک ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت، کھیل، قدرتی آفات سے نمٹنے اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی بھی توقع ہے۔
نیپال اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات میں سیلاب کے بعد تعمیرِ نو کے لیے امداد، سرمایہ کاری، تجارت، نقل و حمل اور توانائی کے منصوبے بھی اہم موضوعات ہیں۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔


