تلنگانہ کے وزیر سری دھر بابو کی ممبئی کے صنعت کاروں کو گلوبل سمٹ 2026 میں شرکت کی دعوت
تلنگانہ کے وزیر برائے آئی ٹی، الیکٹرانکس و مواصلات، صنعت و تجارت اور قانون ساز امور ڈی سری دھر بابو نے ممبئی کے صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو وسعت دینے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں اپنے کارپوریٹ ہیڈ آفس برقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ کو مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری توسیع کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
وزیر نے کہا کہ ’’اپنا ہیڈ آفس ممبئی میں رکھیں، تلنگانہ میں پیداوار کریں، کاروبار کو وسعت دیں اور ترقی کریں۔‘‘ وہ بدھ کو ممبئی کے علاقے ورلی میں واقع فور سیزنز ہوٹل میں منعقدہ روڈ شو سے خطاب کررہے تھے۔ یہ پروگرام حکومت تلنگانہ اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے اشتراک سے انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا، جس میں مختلف صنعتی اور کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سری دھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ممبئی کی کاروباری برادری کے ساتھ مضبوط معاشی شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہے، نہ کہ ممبئی سے موجودہ سرمایہ کاری کو اپنی طرف منتقل کرنے کے لیے اس سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔ ریاست مینوفیکچرنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت ٹی جی آئی پاس (TG-iPASS) کے تحت مقررہ مدت میں سرمایہ کاری کی منظوری فراہم کرنے کے نظام کے ذریعے کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
انویسٹ تلنگانہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بی اجیت ریڈی اور محکمہ صنعت و تجارت کے کمشنر نکھل چکرورتی (آئی اے اینڈ اے ایس) بھی تلنگانہ کے وفد میں شامل تھے۔
واضح رہے کہ انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 کا انعقاد 7 تا 9 دسمبر کو حیدرآباد میں واقع بھارت فیوچر سٹی میں کیا جائے گا۔ اس سمٹ کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے روشناس کرانا ہے۔



