بین الاقوامیعرب دنیا

امریکہ نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران میدانِ جنگ کا تعین کرے گا، قالیباف کی ٹرمپ کو وارننگ

ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے دوبارہ فوجی کارروائی کی تو ایران کی مسلح افواج خود میدانِ جنگ کا تعین کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران اب نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی صورتِ حال میں مزید رہنا چاہتا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق، اتوار کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ ایران کو اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرتا ہے یا جنگ کا، تاہم اگر واشنگٹن ایران کی سات شرائط قبول کرلے تو معاہدے کا راستہ کھل سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو ایرانی مسلح افواج اپنی صلاحیت اور مرضی کے مطابق جواب دیں گی اور جنگ کا دائرہ خود متعین کریں گی۔

ٹرمپ کی حکمت عملی میں تذبذب

قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں کی دھمکیوں اور جنگ ختم کرنے کے اشاروں کے درمیان مختلف بیانات دے رہے ہیں۔

رائٹرز کی 14 نومبر کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے کہا ہے کہ اگر ایران یا اس کی حمایت یافتہ یمنی حوثی تحریک کی جانب سے کوئی نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو وہ حملے روکنے پر غور کرسکتے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے انہیں ایران پر دوبارہ حملے نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

تاہم، امریکی فوج کو ضرورت پڑنے پر کارروائی کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک تیسرا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔

ایران کے سات مطالبات کیا ہیں؟

ایران کی جانب سے پیش کردہ شرائط میں امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اقتصادی پابندیاں اٹھانا، منجمد اثاثوں کی بحالی، جنگی نقصانات کا معاوضہ اور مستقبل میں حملے نہ ہونے کی ضمانت جیسے مطالبات شامل بتائے جاتے ہیں۔ آبنائے ہرمز پر کنٹرول اور خطے میں جنگ بندی بھی مذاکرات کے اہم معاملات ہیں۔ تاہم، ایران نے ان سات شرائط کی مکمل باضابطہ فہرست جاری نہیں کی ہے۔

اس سے قبل جون میں امریکہ اور ایران کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت جنگ بندی اور 60 روز کے اندر مستقل معاہدے کی کوشش کرنا طے پایا تھا۔ تاہم، بعد میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دوبارہ شدت اختیار کرگئے۔

خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، لیکن ایران اور امریکہ کے سخت مؤقف کے باعث مستقل معاہدے کی راہ اب بھی غیر یقینی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button