صحت

گوشت کے بغیر بھی آئرن کی کمی دور کریں، پانچ آسان طریقے جانیں

جسم میں آئرن کی کمی دور کرنے کے لیے صرف گوشت کھانا ضروری نہیں ہے بلکہ غذاؤں کو تیار کرنے اور استعمال کرنے کا طریقہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔ پالک کو ابالنے، وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ کھانے اور غذاؤں کو خمیر کرنے جیسے طریقے جسم کو آئرن جذب کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

دنیا بھر میں تقریباً ہر تین میں سے ایک شخص آئرن کی کمی کا شکار ہے۔ آئرن جسم کے لیے ایک ضروری معدنی جز ہے، جو ہیموگلوبن بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ہیموگلوبن خون کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن پہنچاتا ہے۔ اس کی کمی سے تھکاوٹ، کمزوری اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔ بچوں اور تولیدی عمر کی خواتین میں آئرن کی کمی زیادہ عام ہے۔

ماہرین کے مطابق صرف آئرن سے بھرپور غذائیں کھانا کافی نہیں بلکہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ ہمارا جسم ان غذاؤں سے کتنا آئرن جذب کرپاتا ہے۔

1 ۔ سبز پتوں والی سبزیوں کو ابالیں

پالک آئرن کا ایک اچھا ذریعہ ہے، لیکن اس میں آکسیلیٹس (Oxalates) نامی مرکبات بھی پائے جاتے ہیں، جو آئرن کے جذب ہونے کی صلاحیت کو متاثر کرسکتے ہیں۔ پالک کو ابالنے سے ان مرکبات کی مقدار کم ہوسکتی ہے اور جسم کے لیے آئرن جذب کرنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔

2 ۔ آئرن والی غذاؤں کے ساتھ وٹامن سی استعمال کریں

وٹامن سی جسم میں پودوں سے حاصل ہونے والے آئرن کے جذب ہونے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔ اس لیے آئرن سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ وٹامن سی والی غذائیں شامل کرنا مفید ہوسکتا ہے۔

3 ۔ خمیر شدہ غذاؤں کو اپنی خوراک میں شامل کریں

غذاؤں کو خمیر کرنے کا عمل (Fermentation) بھی آئرن کے جذب ہونے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس عمل سے فائیٹک ایسڈ (Phytic Acid) کی مقدار کم ہوتی ہے۔ یہ مرکب اناج، گری دار میووں اور بیجوں میں پایا جاتا ہے اور جسم میں آئرن کے جذب ہونے کی صلاحیت کو کم کرسکتا ہے۔

4 ۔ صرف آئرن سے بھرپور تیار شدہ غذاؤں پر انحصار نہ کریں

بعض ڈبل روٹی اور ناشتے کے سیریلز میں اضافی آئرن شامل کیا جاتا ہے، لیکن ان میں استعمال ہونے والی آئرن کی کچھ اقسام جسم میں نسبتاً کم جذب ہوتی ہیں۔ اس لیے اپنی خوراک میں قدرتی نباتاتی ذرائع جیسے چنے، بروکلی، سورج مکھی کے بیج اور ٹوفو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔

5 ۔ کھانے کے ساتھ پینے والی چیزوں کا خیال رکھیں

کھانے کے دوران استعمال ہونے والے مشروبات بھی آئرن کے جذب ہونے پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ پولی فینولز، ٹیننز، فائبر اور فائیٹیٹس جیسے مرکبات آئرن کے جذب ہونے کے عمل کو کم کرسکتے ہیں۔ اس لیے متوازن غذا کے ساتھ کھانے اور مشروبات کے انتخاب پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق آئرن کی مناسب مقدار حاصل کرنے کے لیے صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ کون سی غذا کھائی جارہی ہے بلکہ اسے کس طرح تیار کیا جارہا ہے اور کن دوسری غذاؤں کے ساتھ استعمال کیا جارہا ہے، یہ بات بھی اہم ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button