بین الاقوامیعلاقائی خبریںقومی

سیشلز کے یومِ آزادی کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی جی کی شرکت

سیشلز کے یومِ آزادی کی گولڈن جوبلی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت، تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیشلز کے پچاسویں یومِ آزادی کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ سیشلز کا قابلِ اعتماد دوست اور ترقیاتی شراکت دار ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سیشلز کے یومِ آزادی کی تقریبات گزشتہ پچاس برسوں کے دوران وہاں کے عوام کی شاندار ترقی اور قومی سفر کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت مستقبل میں بھی سیشلز کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

تقریب کے دوران سیشلز کے فوجی جوانوں نے قومی پرچم کے ساتھ فضائی چھلانگوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔

مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اور سیشلز کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط پر مبنی دیرینہ تعلقات موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رام گولام بھی تقریب میں شریک تھے۔

اپنے دورۂ سیشلز کے دوران وزیر اعظم مودی کو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی میں خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بحر ہند کے خطے میں سیشلز ایک اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک دفاع، بحری سلامتی، تجارت، ترقی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button