ایران کی خلیجی ممالک کو وارننگ، چار ماہ میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کی تیل آمدنی
ایران نے خلیجی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ امریکی فوج کو کسی بھی قسم کی مدد یا سہولت فراہم کرنا، امریکہ کی فوجی کارروائی میں شرکت کے مترادف سمجھا جائے گا۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے کہا کہ خطے میں موجود فوجی طیاروں، خصوصاً ایندھن بھرنے والے طیاروں کی موجودگی میزبان ممالک کے علم کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے خلیج فارس سے متصل ممالک سے کہا کہ وہ امریکہ کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن کو مشرق وسطیٰ منتقل کیا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز پر ٹرمپ کے دعوے کی مخالفت
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقے کے طور پر ظاہر کرنے والی تصویر شیئر کی، جس پر ایران نے سخت ردعمل دیا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ٹرمپ کے دعوے کو گمراہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ان کا تصور جلد درست کیا جائے گا۔
تیل سے ساڑھے 7 ارب ڈالر آمدنی
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک نے رواں سال کے پہلے چار ماہ میں 7.5 ارب ڈالر کی تیل سے متعلق غیر ملکی کرنسی آمدنی حاصل کی، جو مرکزی بینک کو فراہم کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ رقم گزشتہ سال اسی مدت کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا زیادہ ہے اور توقع ہے کہ اس سے حکومت کے غیر ملکی کرنسی کے اخراجات دسمبر کے آخر تک پورے کیے جا سکیں گے۔



