نظام دور کا 1907ء کا تاریخی نامپلی ریلوے اسٹیشن جزوی طور پر منہدم
شہر کے تاریخی نامپلی ریلوے اسٹیشن کو جنوبی وسطی ریلوے (ایس سی آر) نے جدید کاری اور تعمیرِ نو کے منصوبے کے تحت جزوی طور پر منہدم کردیا ہے۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایک سال قبل سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی پرانی عمارت بھی منہدم کی جاچکی ہے۔ نامپلی اسٹیشن کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر شہریوں اور ورثے کے تحفظ کے لیے سرگرم کارکنوں نے پہلے ہی اس کے انہدام پر تشویش ظاہر کی تھی۔
ریلوے حکام کے مطابق، نامپلی اسٹیشن تاریخی ورثے کی محفوظ عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے، اسی لیے اس کی جدید کاری کے لیے انہدام کی کارروائی کی جارہی ہے۔ ایس سی آر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کو اس لیے جدید کاری کے منصوبے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے کیونکہ وہ محفوظ تاریخی یادگاروں کی فہرست میں شامل ہے۔
1907ء میں نظامِ حیدرآباد کے دور میں تعمیر
نامپلی ریلوے اسٹیشن، جسے حیدرآباد دکن اسٹیشن بھی کہا جاتا ہے، شہر کے اہم ترین ریلوے مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی تعمیر 1907ء میں حیدرآباد کے چھٹے نظام محبوب علی پاشاہ کے دورِ حکومت میں ہوئی تھی۔ یہ اسٹیشن شہر کو ممبئی سے جوڑنے والے اہم ریلوے مراکز میں سے ایک تھا۔
اسٹیشن کے قریب مسافروں کی سہولت کے لیے نامپلی سرائے بھی تعمیر کی گئی تھی۔ نامپلی اور سکندرآباد کے اسٹیشن نظامِ حیدرآباد کے دور کی اہم تاریخی عمارتیں تصور کیے جاتے ہیں۔
حیدرآباد میں ریلوے نظام کی ابتدا
حیدرآباد میں ریلوے نظام کی ترقی کا آغاز واڑی تا سکندرآباد ریلوے لائن سے ہوا تھا۔ اس لائن کا سروے 1869ء میں کیا گیا، جبکہ 1871ء میں تعمیراتی کام شروع ہوا۔ 9 اکتوبر 1874ء کو اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ابتدائی طور پر اس لائن کا انتظام گریٹ انڈین پیننسولا ریلوے کمپنی کے پاس تھا۔
تاریخی حوالوں کے مطابق، حیدرآباد میں ریلوے لائنوں کی تعمیر کے پیچھے برطانوی حکومت کے سیاسی اور اقتصادی مقاصد بھی تھے۔ سکندرآباد میں برطانوی فوجی چھاؤنی کے قیام کے باعث فوجی نقل و حرکت کے لیے بہتر رابطوں کی ضرورت تھی، جبکہ نظامِ حیدرآباد بھی عوامی سہولت اور معاشی ترقی کے لیے ریلوے نظام کی اہمیت کو سمجھتے تھے۔
کئی مذاکرات کے بعد 1883ء میں نظامس گارنٹیڈ اسٹیٹ ریلوے کا قیام عمل میں آیا، جس کے بعد نئی ریلوے لائنوں اور اسٹیشنوں کی تعمیر کا سلسلہ آگے بڑھا۔ اسی تاریخی پیش رفت کے نتیجے میں نامپلی اور کچی گوڑہ جیسے اہم ریلوے اسٹیشن وجود میں آئے۔



