بین الاقوامیعرب دنیا

ٹرمپ نے ’امریکہ کے میئر‘ روڈی جولیانی کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نواز دیا

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے دیرینہ سیاسی ساتھی اور سابق ذاتی وکیل روڈی جولیانی کو امریکہ کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’صدارتی تمغۂ آزادی‘‘ سے نواز دیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں 11 ستمبر 2001 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد نیویارک میں قیادت اور عوامی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، جولیانی نے 11 ستمبر کے حملوں کے بعد اہم قیادت کا مظاہرہ کیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تقریب کی تصاویر جاری کرتے ہوئے انہیں ’’امریکہ کا میئر‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ اعزاز امریکی قیادت اور عوامی خدمت کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کا اعتراف ہے۔

یہ تقریب اوول آفس میں منعقد ہوئی، تاہم صحافیوں کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ جولیانی نے اعزاز حاصل کرنے کے بعد ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے ملک اور صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرکے فخر اور عاجزی محسوس کررہے ہیں۔ ان کے بیٹے اینڈریو جولیانی نے بھی اسے خاندان کے لیے ایک غیر معمولی اعزاز قرار دیا۔

ٹرمپ نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا

صدر ٹرمپ نے یکم ستمبر 2025 کو جولیانی کو اس اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے انہیں نیویارک شہر کی تاریخ کا عظیم ترین میئر اور ایک محب وطن امریکی قرار دیا تھا۔

روڈی جولیانی 1994 سے 2001 تک نیویارک شہر کے میئر رہے۔ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد ان کے کردار نے انہیں عالمی سطح پر شہرت دلائی اور ’’امریکہ کا میئر‘‘ کا لقب ملا۔

ٹرمپ کی وکالت کے دوران قانونی مشکلات

بعد ازاں ٹرمپ کی نمائندگی کے دوران جولیانی کو متعدد قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جارجیا کی دو انتخابی کارکنوں روبی فری مین اور وانڈریا شائے ماس کی جانب سے دائر ہتکِ عزت کے مقدمے میں ایک وفاقی جج نے شواہد محفوظ رکھنے اور پیش کرنے میں ناکامی پر جولیانی کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔

اس کے بعد جیوری نے دونوں خواتین کے حق میں تقریباً 148 ملین ڈالر ہرجانہ مقرر کیا۔ بعد میں یہ تنازع تصفیے کے ذریعے ختم ہوگیا۔

واضح رہے کہ صدارتی تمغۂ آزادی کی موجودہ شکل امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے فروری 1963 میں متعارف کروائی تھی۔ یہ اعزاز امریکی قومی سلامتی، قومی مفادات، عالمی امن اور دیگر اہم عوامی و نجی شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button