سوشل میڈیاعرب دنیا

ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف آسٹریلیائی ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار برونسن ریڈ 38 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے جمعہ، 27 نومبر کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے طبی پیچیدگیوں کو موت کی وجہ قرار دیا۔ ان کے انتقال پر جے اوسو، ریا رِپلی، سوور اسٹرک لینڈ، رِک فلیئر اور براون اسٹرو مین سمیت متعدد ریسلنگ شخصیات نے تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔

ریڈ کا اصل نام جیرمین ہیلی تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ریسلر جے اوسو نے انسٹاگرام پر مختصر پیغام ’’آر آئی پی جرمین‘‘ لکھ کر اپنے سابق حریف اور ساتھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں دی وژن اور دی اوسو خاندان کی رقابت کے دوران ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا۔

آسٹریلیائی ریسلر ریا رِپلی نے بھی ریڈ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’میں تم سے محبت کرتی ہوں بھائی، دل ٹوٹ گیا۔‘‘ دوسری جانب ریسلر پینٹا نے اعلان کیا کہ وہ 28 نومبر کو ہونے والے سروائیور سیریز مقابلے کو برونسن ریڈ کے نام وقف کریں گے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا

ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے پروگراموں میں بھی برونسن ریڈ کو یاد کیا۔ جارجیا کے شہر ایتھنز میں جمعہ کی شب منعقدہ لائیو ایونٹ کے دوران ان کی یاد میں دس مرتبہ گھنٹی بجائی گئی۔ اس کے علاوہ ریکارڈ شدہ پروگرام اسمیک ڈاؤن کا آغاز بھی ان کے تعزیتی خراجِ عقیدت سے کیا گیا۔ مرکزی مقابلے کے دوران کیون اوونز نے بازو پر ’’برونسن‘‘ لکھا ہوا سیاہ بینڈ بھی پہنا۔

کراؤن جیول میں آخری مقابلہ

برونسن ریڈ نے آخری مرتبہ 7 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ کراؤن جیول ایونٹ میں شرکت کی تھی۔ ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے مقابلے کے دوران ریسلر اوبا فیمی نے انہیں اسٹیج سے نیچے میزوں پر پھینک دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ان کی شدید چوٹوں، جن میں پسلیوں کا ٹوٹنا اور گردے پر زخم شامل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تاہم، ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کے انتقال کی وجہ صرف طبی پیچیدگیاں بتائی ہے اور کراؤن جیول میں پیش آنے والے واقعے سے موت کے براہِ راست تعلق کی تصدیق نہیں کی۔

آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں پیدا ہونے والے برونسن ریڈ نے 2007 میں ریسلنگ کیریئر شروع کیا اور 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں شامل ہوئے۔ انہوں نے این ایکس ٹی نارتھ امریکن چیمپئن شپ جیتی، جبکہ 2024 میں ریسل مینیا کے اسمیک ڈاؤن ایڈیشن میں آندرے دی جائنٹ میموریل بیٹل رائل کے فاتح بھی رہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کی حاملہ اہلیہ پیج، بیٹی، خاندان اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button