اسپیس ایکس کا بڑا منصوبہ، خلا میں اے آئی کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس بھیجے گا
دنیا کی معروف خلائی کمپنی اسپیس ایکس مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی کمپیوٹنگ کے لیے خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے ایک بڑے منصوبے پر کام کررہی ہے۔ امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے کمپنی کو مدار میں 10 لاکھ سیٹلائٹس لانچ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسٹار مائنڈ نامی اس منصوبے کا مقصد زمین پر موجود ڈیٹا سینٹرز کے متبادل کے طور پر خلا میں اے آئی کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسپیس ایکس کے مطابق، اس منصوبے کے تحت پہلے سیٹلائٹس 2027 میں لانچ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ ایف سی سی نے پورے نیٹ ورک کی تکمیل کے لیے 2040 تک کی مہلت دی ہے۔ ریگولیٹری حکم کے مطابق، پہلے سیٹلائٹ کو 25 نومبر 2033 تک فعال ہونا ہوگا۔
فی الحال زمین کے مدار میں تقریباً 17 ہزار سیٹلائٹس موجود ہیں۔ اس کے مقابلے میں اسپیس ایکس کے مجوزہ منصوبے کا حجم موجودہ تعداد سے کئی گنا زیادہ ہوگا۔ تاہم، ایف سی سی نے منظوری دیتے ہوئے اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ اتنا بڑا نظام عملی طور پر کامیاب ہوسکے گا یا نہیں۔
خلا میں اے آئی چلانے کے بڑے چیلنجز
خلا میں سورج کی روشنی وافر مقدار میں دستیاب ہے، جس سے سیٹلائٹس کو شمسی توانائی فراہم کی جاسکتی ہے۔ لیکن اے آئی چپس سے پیدا ہونے والی حرارت کو خلا کے خلاء میں خارج کرنا ایک بڑا تکنیکی مسئلہ ہے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر چپس کو خلائی شعاعوں سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہوگا۔
اسپیس ایکس نے امریکی مالیاتی حکام کو دی گئی دستاویزات میں بتایا ہے کہ اس کا طویل مدتی ہدف ہر سال 100 گیگاواٹ کمپیوٹنگ صلاحیت خلا میں پہنچانا ہے۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق، زمین پر ایک بڑا اے آئی ڈیٹا سینٹر عموماً 100 میگاواٹ یا اس سے زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔ اس لحاظ سے اسپیس ایکس کا ہدف ہر سال تقریباً ایک ہزار بڑے ڈیٹا سینٹرز کے برابر کمپیوٹنگ صلاحیت خلا میں پہنچانے کے مترادف ہے۔
ڈیٹا زمین تک کیسے پہنچے گا؟
خلا میں تیار ہونے والے نتائج لیزر کے ذریعے پہلے سے موجود اسٹار لنک سیٹلائٹس تک پہنچائے جائیں گے، جو انہیں زمین پر منتقل کریں گے۔ لیزر نظام ناکام ہونے کی صورت میں ریڈیو رابطے کو متبادل ذریعہ بنایا جائے گا۔
اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس خلا میں پہنچانے اور پرانے سیٹلائٹس کی جگہ نئے سیٹلائٹس بھیجنے کے لیے اسپیس ایکس اپنے زیرِ تیاری دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹ اسٹارشپ پر انحصار کررہی ہے۔ کمپنی کے اندازوں کے مطابق، اس منصوبے کے مکمل اہداف حاصل کرنے کے لیے سالانہ ہزاروں راکٹ پروازیں اور تقریباً 10 لاکھ ٹن سامان خلا میں پہنچانا ہوگا۔
اسپیس ایکس کا کہنا ہے کہ نئے سیٹلائٹس کی ابتدائی جانچ نچلے مدار میں کی جائے گی، جبکہ اپنی مدت پوری کرنے والے سیٹلائٹس کو سمندر کے اوپر زمین کے ماحول میں واپس لایا جائے گا تاکہ وہ مکمل طور پر جل کر ختم ہوجائیں۔



