ایک کروڑ تلنگانہ خواتین کو اندراما ساڑھیوں کا تحفہ
تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جمعرات کو ضلع اچم پیٹ میں ایک عوامی جلسے کے دوران ریاست بھر میں اند راما ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز کریں گے۔ ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ خواتین میں ساڑھیاں تقسیم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ یہ اقدام اندرا مہیلا شکتی پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت خواتین کو دوسری مرتبہ ساڑھیوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔
حکومت کے منصوبے کے مطابق، دیہی علاقوں کی 65 لاکھ اور شہری علاقوں کی 35 لاکھ خواتین کو ساڑھیاں فراہم کی جائیں گی۔ ان ساڑیوں کی تیاری میں خواتین کی پسند، جدید ڈیزائن اور روایتی لباس کے انداز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ساڑیوں کا رنگ دلکش طوطے کے سبز رنگ جیسا رکھا گیا ہے، جبکہ ان کے معیار اور پائیداری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
دو اقسام کی ساڑھیاں تیار
ریاستی حکومت نے خواتین میں تقسیم کے لیے دو مختلف اقسام کی ساڑھیاں تیار کروائی ہیں۔ ان میں 95 لاکھ پولیسٹر ساڑھیاں شامل ہیں، جن کی لمبائی 6.30 میٹر ہے، جبکہ باقی 5 لاکھ پولی کاٹن ساڑھیاں ہوں گی، جن کی لمبائی 9 میٹر رکھی گئی ہے۔
ریاستی حکومت کے مطابق، ایک کروڑ خواتین تک ساڑھیاں پہنچانے کے لیے دیہی اور شہری سطح پر تقسیم کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر اچم پیٹ سے اس مہم کا آغاز کریں گے، جس کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں میں تقسیم کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔



