پانچ سالہ کوشش رنگ لے آئی، دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان نے تصویر پر دیا ردعمل
متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک شخص کی پانچ سالہ کوشش بالآخر رنگ لے آئی۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ہاتھ سے تیار کردہ اپنی پنسل اسکیچ تصویر انہیں پیش کرنے کے خواہش مند شخص کی سوشل میڈیا ویڈیو پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ شیخ حمدان نے انسٹاگرام پر ویڈیو کے جواب میں ہاتھ جوڑنے والا ایموجی بھیجا، جس کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
اس شخص کی شناخت محمد مفیز کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ گزشتہ پانچ برس سے شیخ حمدان کو اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ ان کی تصویر بطور تحفہ پیش کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے کئی مرتبہ ای میل کے ذریعے بھی رابطہ کیا، لیکن انہیں ملاقات کا موقع نہیں مل سکا۔
دبئی رن میں بھی تصویر لے کر پہنچے
محمد مفیز 22 نومبر کو منعقدہ دبئی رن 2026 میں بھی تصویر اپنے ساتھ لے کر پہنچے تھے۔ انہیں امید تھی کہ اس تقریب میں شیخ حمدان سے ملاقات ہوگی اور وہ ذاتی طور پر اپنی تخلیق انہیں پیش کرسکیں گے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے مختلف طریقوں سے ولی عہد تک اپنی تصویر پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کے مطابق، انہیں امید تھی کہ اس مرتبہ دبئی رن کے موقع پر ملاقات ممکن ہوجائے گی، لیکن بدقسمتی سے شیخ حمدان اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔
مفیز نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ ویڈیو میں شیخ حمدان کو ٹیگ کریں تاکہ ان کا پیغام ولی عہد تک پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی امید رکھتے ہیں کہ کسی دن انہیں اپنی تصویر پیش کرنے اور ملاقات کا موقع ضرور ملے گا۔
دبئی رن میں 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد کی شرکت
امارات نیوز ایجنسی کے مطابق، اس سال دبئی رن میں 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ یہ سالانہ تقریب دبئی فٹنس چیلنج کا حصہ ہے، جس کا آغاز شیخ حمدان نے 2017 میں کیا تھا۔ اس مہم کا مقصد لوگوں کو 30 دن تک روزانہ 30 منٹ جسمانی سرگرمی کے لیے ترغیب دینا ہے۔
شرکاء کے لیے شیخ زاید روڈ پر 5 اور 10 کلومیٹر کے دو راستے مقرر کیے گئے تھے۔



