دی وِچر 4 میں بڑی تبدیلی، جی ٹی اے 5 سے 6 جیسی ترقی کا وعدہ
مشہور ویڈیو گیم سیریز دی وِچر کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ گیم تیار کرنے والی پولینڈ کی کمپنی سی ڈی پروجیکٹ ریڈ نے کہا ہے کہ دی وِچر 3 سے دی وِچر 4 تک ہونے والی ترقی تقریباً ویسی ہی ہوگی جیسی گرینڈ تھیفٹ آٹو 5 اور جی ٹی اے 6 کے درمیان دیکھی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق، نئی گیم گرافکس، ٹیکنالوجی اور مجموعی تجربے کے اعتبار سے سابقہ حصے سے نمایاں طور پر بہتر ہوگی۔
کمپنی کے مشترکہ چیف ایگزیکٹیو مائیکل نوواکوسکی نے 2026 کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج سے متعلق گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے جی ٹی اے 6 میں ہونے والی تکنیکی پیش رفت کا جائزہ لیا ہے اور ان کے خیال میں دی وِچر 3 اور دی وِچر 4 کے درمیان بھی اسی نوعیت کی بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔
نوواکوسکی کے مطابق، دی وِچر 3 کو ریلیز ہوئے تقریباً 11 سال گزر چکے ہیں اور کمپنی دی وِچر 4 کو ہر ممکن پہلو سے بہتر بنانے پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو نئی گیم میں نمایاں بہتری کی توقع رکھنی چاہیے۔
پلے اسٹیشن کے ساتھ مارکیٹنگ معاہدہ
سی ڈی پروجیکٹ ریڈ نے دی وِچر 4 کی تشہیری مہم کے لیے سونی انٹرایکٹو انٹرٹینمنٹ کے ساتھ معاہدے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت کمپنی پلے اسٹیشن کے ساتھ مل کر گیم کی آئندہ مارکیٹنگ کرے گی۔ معاہدے میں پلے اسٹیشن پلیٹ فارمز اور پلے اسٹیشن پلس سبسکرپشن سروس پر سی ڈی پروجیکٹ ریڈ کی گیمز کی تشہیر بھی شامل ہے۔
یہ پیش رفت اس لیے اہم ہے کہ سونی نے جی ٹی اے 6 کی تشہیر کے لیے بھی راک اسٹار گیمز کے ساتھ اشتراک کیا تھا۔ اسی طرح دی وِچر 4 کو بھی پلے اسٹیشن اسٹور اور سونی کے اسٹیٹ آف پلے پروگراموں میں نمایاں جگہ ملنے کا امکان ہے۔
2028 میں ریلیز کا منصوبہ
کمپنی کے مطابق، دی وِچر 4 کی ریلیز کا ہدف 2028 ہے، تاہم ابھی تک حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اس وقت سی ڈی پروجیکٹ ریڈ کی 513 ڈیولپرز پر مشتمل ٹیم اس گیم کی تیاری میں مصروف ہے۔
کمپنی کے ایک اور بڑے منصوبے سائبرپنک 2 پر بھی کام جاری ہے، جس کے لیے 199 ڈیولپرز کی ٹیم مختص کی گئی ہے۔



