بین الاقوامیعرب دنیا

مصر میں آئل ٹینکر میں ہولناک دھماکہ، 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب پٹرولیم مصنوعات سے بھرے ایک ٹینکر ٹرک میں دھماکے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔ آگ نے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔ مصری حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مصری وزارتِ صحت کے مطابق، یہ حادثہ بدھ کو صوبہ جیزہ کے علاقے امبابہ کے ضلع وراق میں رنگ روڈ کے قریب ٹنل 10 کے اوپر پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں روانہ کی گئیں اور زخمیوں کو تین مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

مصری وزیر صحت خالد عبدالغفار نے قریبی اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا اور جائے حادثہ سمیت علاج کے مراکز کا دورہ کرکے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

ٹینکر ٹرک بے قابو ہوکر سڑک سے ٹکرا گیا

مصری وزارتِ پٹرولیم کے ابتدائی بیان کے مطابق، نجی کمپنی کے زیر استعمال ٹینکر ٹرک سڑک سے بے قابو ہوکر ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

سرکاری استغاثہ نے حادثے اور آتش زدگی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے حادثہ اور اسپتالوں کا دورہ کیا تاکہ زخمیوں کے بیانات حاصل کیے جاسکیں اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی جاسکے۔

ابتدائی تخمینوں کے مطابق، آگ نے 27 گاڑیوں کو تباہ کردیا، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ دو ہلاک شدگان کی شناخت نہ ہونے کے باعث ان کے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ حکام ملبے، تباہ شدہ گاڑیوں اور حادثے کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔

امدادی ٹیمیں سرگرم، متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان

مصری ہلال احمر نے بھی اپنی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ اور اسپتالوں میں روانہ کیں، جہاں وہ شہری دفاع اور ایمبولینس عملے کی معاونت کررہی ہیں۔

دوسری جانب، مصر کی مالیاتی ریگولیٹری اتھارٹی نے لازمی موٹر انشورنس فنڈ کو ہدایت دی ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل تیز کیا جائے۔ حکام کے مطابق، متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کرکے ضروری دستاویزات مکمل کی جائیں گی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں کئی گاڑیوں کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ آسمان پر سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل بلند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ مصری وزارتِ صحت کے مطابق، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور صورت حال کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button