اچم پیٹ میں آج ریونت ریڈی کا دورہ، مندر کا سنگِ بنیاد اور ساڑیوں کی تقسیم
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی جمعرات، 26 نومبر کو متحدہ پالمورو ضلع کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ ناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ اور مڈی مڈگو میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کے علاوہ عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر سنت سیوالال مندر کی تعمیر سے متعلق بھومی پوجا انجام دیں گے اور خواتین میں اندراما ساڑھیوں کی تقسیم کے پروگرام کا بھی آغاز کریں گے۔
چیف منسٹر پہلے حیدرآباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مڈی مڈگو پہنچیں گے، جہاں سنت سیوالال مندر کی تعمیر سے متعلق بھومی پوجا کی جائے گی۔ اس موقع پر قبائلی برادری کے لیے منعقدہ ایک اجتماع سے بھی وہ خطاب کریں گے۔ بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اچم پیٹ پہنچ کر ایک بڑے عوامی جلسے میں شرکت کریں گے۔
ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد
اچم پیٹ میں منعقدہ جلسے کے دوران ریونت ریڈی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ اہل خواتین میں اند رامّا ساڑیوں کی تقسیم اور چیوتھا پنشن اسکیم سے متعلق کارروائیوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
دورے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کلکٹر ہیمنت کیشو پاٹل، ضلع ایس پی ڈاکٹر سنگرام سنگھ جی پاٹل، ونپرتی کی ایس پی سونیتا ریڈی، اچم پیٹ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی کرشنا، نکریکل کے رکن اسمبلی اور سرکاری وہپ ویمولا ویرشیم سمیت دیگر عہدیداروں نے بدھ کو مقامات کا دورہ کیا۔ چیف منسٹر کے سکیورٹی عہدیدار بھی انتظامات کا جائزہ لینے والوں میں شامل تھے۔
چیف منسٹر کا دورے کا شیڈول
ریونت ریڈی جمعرات کو دوپہر 2 بج کر 5 منٹ پر حیدرآباد کے ایم سی ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوں گے اور سہ پہر 3 بجے مڈی مڈگو پہنچیں گے۔ وہاں 3 سے 4 بجے تک سنت سیوالال مندر سے متعلق بھومی پوجا اور دیگر پروگرام منعقد ہوں گے۔
شام 5 بج کر 30 منٹ سے 6 بج کر 30 منٹ تک عوامی جلسے سے خطاب، ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد، اندراما ساڑیوں کی تقسیم اور چیوتھا پنشن سے متعلق پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔



