کیرالہ میں موسلادھار بارشوں کا قہر، وائناڈ میں امدادی کیمپ قائم
کیرالہ میں مسلسل ہونے والی شدید بارشوں نے صورتحال کو تشویشناک بنا دیا ہے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے وائناڈ سمیت مختلف اضلاع میں امدادی کیمپ اور کنٹرول روم قائم کر دیے ہیں۔ خطرناک حالات کے پیش نظر متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ کو ہر ممکن احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کاسرگوڈ، کنور، وائناڈ، کوژیکوڈ، ملاپورم، تھریسور، اڈوکی، کوٹایم اور پتھنم تھٹا اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ باقی اضلاع میں اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن نے اعلیٰ حکام، ضلعی کلکٹروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام امدادی ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریا اور پہاڑی علاقوں کے قریب جانے سے بچیں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔



