تلنگانہ میں خشک سالی کا خدشہ، ریونت ریڈی نے کسانوں کو کم پانی والی فصلیں اگانے کا مشورہ دیا
تلنگانہ میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات اور خشک سالی کے خدشے کے پیش نظر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کسانوں سے کم پانی استعمال کرنے والی مختصر مدت کی فصلیں کاشت کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دسمبر میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس میں کالیشورم پراجیکٹ اور گوداوری و کرشنا ندیوں کے پانی کی تقسیم سمیت دیگر آبی مسائل پر تفصیلی بحث ہوگی۔
چیف منسٹر نے ہفتہ، 7 نومبر کو ضلع وقارآباد کے حلقہ کوڑنگل کے ہاکم پیٹ میں میگا ریتھو میلہ اور صنعتی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد ترقی پسند کسانوں اور زرعی سائنسدانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایل نینو کے اثرات سے آئندہ آٹھ ماہ کے دوران بارش کی کمی اور شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ریونت ریڈی نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ فصلوں کی کاشت کا فیصلہ احتیاط سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی آبی پراجیکٹس میں پانی کی سطح انتہائی کم ہوگئی ہے، اس لیے کم پانی میں تیار ہونے والی فصلوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسانوں کی مشکلات میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
آبپاشی پراجیکٹس پر حکومت کا موقف
چیف منسٹر نے میڈی گڈہ بیریج کو نقصان پہنچنے اور کنّے پلی پمپ ہاؤس کے کام نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گوداوری کا پانی اٹھانے میں رکاوٹیں موجود ہیں۔ ان کے مطابق، میڈی گڈہ، انارم اور سندیلا بیریج کے بیک وقت کام کرنے پر ہی سری پادا یلّم پلی پراجیکٹ تک پانی پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیوا دلا اور سیتاراما ساگر پراجیکٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کالوکرتی، بھیمہ، نیتّم پاڈو، کوئل ساگر اور پالمورو رنگاریڈی جیسے زیر التوا آبپاشی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کی۔
کوڑنگل کے لیے 10 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کام
ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کوڑنگل اور اطراف کے علاقوں میں تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کام شروع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد ایئرپورٹ سے کوڑنگل تک 250 فٹ چوڑی سڑک تعمیر کرنے اور صنعتی مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا۔
چیف منسٹر نے مزید اعلان کیا کہ سنکرانتی کے بعد پرجا بلم پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت وہ ریاست کے مختلف اضلاع اور دیہات کا دورہ کرکے کسانوں کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔


