ایس آئی آر میں ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونے والوں کو ایک اور موقع، تلنگانہ سمیت 7 ریاستوں میں نئی سہولت
انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران مسودہ ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونے والے ووٹروں کے لیے الیکشن کمیشن نے ایک اور موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سہولت سے تلنگانہ سمیت سات ریاستوں کے ایسے ووٹرز فائدہ اٹھاسکیں گے جنہیں غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ یا دوہرے اندراج والا قرار دیا گیا تھا اور جن کے انتخابی فارم جمع نہ ہونے کے باعث نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہوسکے۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ، 6 نومبر کو دہلی، مہاراشٹرا، ہریانہ، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور ناگالینڈ کے چیف الیکٹورل آفیسرز کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی ہیں۔ کمیشن کے مطابق، ایسے ووٹروں کو حتمی انتخابی فہرست میں نام شامل کرانے کے لیے دوبارہ درخواست دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ووٹرز دوبارہ نام کیسے شامل کراسکتے ہیں؟
کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ متاثرہ ووٹروں کی بوتھ کے لحاظ سے فہرستیں متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کے نوٹس بورڈ پر دوبارہ آویزاں کی جائیں۔ ضلع الیکشن افسران اور الیکٹورل رجسٹریشن افسران کو نئے انتخابی فارم تیار کرکے متعلقہ ووٹروں تک پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ووٹرس اپنے سابقہ ووٹر شناختی کارڈ نمبر (ای پی آئی سی نمبر) کے ذریعے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ یا ای سی آئی نیٹ ایپ سے بھی فارم حاصل کرسکتے ہیں۔ بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جاکر، پڑوسیوں اور خاندان کے افراد سے معلومات حاصل کرکے یا واٹس ایپ، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے ووٹروں سے رابطہ کریں گے۔
جو ووٹر اسی پتے پر مقیم ہیں، انہیں مکمل اور دستخط شدہ انتخابی فارم کے ساتھ ایک تحریری بیان دینا ہوگا، جس میں پہلے فارم جمع نہ کرانے کی وجہ واضح کی جائے۔
گھر تبدیل کرنے والوں کے لیے الگ طریقۂ کار
الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جو ووٹرز پہلے ہی نئے اندراج کے لیے فارم 6 جمع کراچکے ہیں، انہیں دوبارہ انتخابی فارم اور وضاحتی بیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی درخواستوں پر معمول کے طریقۂ کار کے مطابق کارروائی ہوگی۔
کمیشن نے متعلقہ عہدیداروں کو نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر حتمی انتخابی فہرست میں نام شامل ہونے کے موقع سے محروم نہ رہے اور دوہرے اندراج سے بھی بچا جاسکے۔



