علاقائی خبریںقومی

اتر پردیش میں طوفان اور بارش کی تباہی، ۵۶ افراد ہلاک

اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں شدید طوفان، موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم ۵۶ افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق سب سے زیادہ اموات پریاگ راج میں ہوئیں جہاں ۱۷ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بھدوہی میں ۱۶، فتح پور میں ۹، بدایوں میں ۵ اور پرتاپ گڑھ میں ۴ افراد ہلاک ہوئے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں تک ۲۴ گھنٹوں کے اندر امداد اور معاوضہ پہنچایا جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع کے افسران کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا۔

کئی علاقوں میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے لوگ ملبے تلے دب گئے جبکہ متعدد افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔ کانپور دیہات میں ایک نوجوان لڑکی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کے ساتھ موجود کئی بکریاں بھی مر گئیں۔

حکام کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکومت نے محکمہ مال، زراعت اور انشورنس کمپنیوں کو نقصان کا سروے کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

شدید موسم کے بعد کئی اضلاع میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ انتظامیہ کو ہنگامی حالت میں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button