شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ کا ایران سے معاہدے پر زور
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چین کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران اب ختم ہوچکا ہے، اب یا معاہدہ کرے یا تباہی کا سامنا کرے۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائیوں سے اس کی بحری اور فضائی طاقت شدید متاثر ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایران کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق شی جن پنگ بھی چاہتے ہیں کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ ہوجائے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین نے ایران کو فوجی سامان نہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکی فوج ایران کے بعض اہم مقامات کو چند منٹوں میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اس وقت مؤثر فضائی دفاعی نظام موجود نہیں۔
ٹرمپ نے چین کے ساتھ تعلقات کو بھی مثبت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور توانائی کے شعبے میں بڑے معاہدے متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکی تیل، زرعی مصنوعات اور طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔



