مسکن چیروو جھیل کے اطراف خالی کرنے کا حکم رہائشیوں کو 10 دن کی مہلت
حیدرآباد میں مسکن چیروو جھیل کے اطراف رہائش پذیر افراد کو دس دن کے اندر علاقہ خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے کے مطابق یہ اقدام جھیل کے قدرتی حسن اور ترقیاتی کاموں کو بحال کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کچھ افراد نے جھیل کے مخصوص حصے میں عارضی جھونپڑیاں اور دکانیں قائم کر رکھی ہیں، جو جھیل کی بحالی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ مزید یہ کہ بعض عناصر وہاں تعمیراتی ملبہ ڈال کر زمین کی شکل تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ماحولیات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ادارے کے مطابق اس سے قبل بھی متعلقہ افراد کو چھ ماہ پہلے وارننگ دی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے جگہ خالی نہیں کی۔ اب سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر علاقہ خالی کیا جائے ورنہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ جھیل ایک وسیع رقبے پر مشتمل ہے اور اس کے اطراف مختلف افراد اور ادارے زمین پر دعوے بھی کر رہے ہیں۔ حکام نے حالیہ معائنہ کے دوران غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روک دیا ہے۔



