اوپن اے آئی کا جی پی ٹی-6 آسٹرا لانچ، اے جی آئی کے دور کے آغاز کا دعویٰ
اوپن اے آئی نے تین ستمبر 2026 کو نیا مصنوعی ذہانت ماڈل جی پی ٹی-6 آسٹرا متعارف کرادیا، جسے کمپنی نے دنیا کا سب سے ذہین ماڈل قرار دیا ہے۔ چھ ستمبر تک اس کی فراہمی محدود اداروں سے شروع ہوچکی ہے جبکہ پلس، پرو، بزنس اور انٹرپرائز صارفین اور ڈویلپرز کو آنے والے دنوں میں رسائی دی جائے گی۔
آسٹرا کو سافٹ ویئر انجینئرنگ، سائنسی تحقیق، سائبر سیکیورٹی، مالیاتی ماڈلنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ آن لائن فارم بھرنے، دستاویزات اور پیشکشیں تیار کرنے، ویب پر تحقیق کرنے اور کمپیوٹر پر پیچیدہ کام انجام دے سکتا ہے۔
سائبر سیکیورٹی میں چھلانگ
اوپن اے آئی کے مطابق آسٹرا سائبر سیکیورٹی کی انتہائی اہم سطح تک پہنچنے والا پہلا ماڈل ہے۔ مناسب آلات اور رسائی کے ساتھ یہ پہلے سے نامعلوم حفاظتی خامیوں کی نشاندہی اور محفوظ نظاموں کے خلاف حملے تیار کرسکتا ہے۔ کمپنی نے نگرانی اور حفاظتی اقدامات سخت کیے ہیں۔
آسٹرا نے پیچیدہ ریاضی، غیر مانوس مسائل میں بھی نمایاں نتائج حاصل کیے ہیں۔ کمپنی نے اسے اپنا سب سے قابل ماڈل قرار دیا ہے۔
کیا یہ اے جی آئی کا آغاز ہے؟
اوپن اے آئی کے صدر گریگ بروک مین نے آسٹرا کو صلاحیتوں میں چھلانگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لوگ ممکنہ طور پر اسی ماڈل کو مصنوعی عمومی ذہانت کے آغاز کے طور پر دیکھیں گے۔ ان کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ ہم اے جی آئی کے دور میں داخل ہوچکے ہیں۔ تاہم کمپنی نے سرکاری طور پر اے جی آئی کا اعلان نہیں کیا۔



