حکومت سازی کی دوڑ تیز وجے کی گورنر سے ایک اور اہم ملاقات
تمل ناڈو میں حکومت سازی کے معاملے پر اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے نے ایک بار پھر گورنر آر این ارلیکر سے ملاقات کی ہے۔ دو دنوں میں یہ ان کی دوسری ملاقات ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت تملگا ویٹری کڑگم کے پاس حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ حمایت موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق، گورنر نے پہلے وجے کے دعوے کو اس بنیاد پر قبول نہیں کیا تھا کہ ان کے اتحاد کے پاس واضح اکثریت کے اعداد و شمار موجود نہیں تھے۔ تمل ناڈو اسمبلی کی کل 234 نشستوں میں سے حکومت بنانے کے لیے 118 ارکان کی حمایت ضروری ہے۔
وجے کی جماعت نے انتخابات میں 108 نشستیں حاصل کیں، تاہم ایک نشست چھوڑنے کے بعد پارٹی کی تعداد 107 رہ جائے گی۔ کانگریس کے پانچ ارکان کی حمایت کے بعد بھی اتحاد صرف 112 نشستوں تک پہنچ سکا ہے، جو اکثریت سے اب بھی کم ہے۔
ادھر اے آئی اے ڈی ایم کے نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ٹی وی کے کی حمایت نہیں کرے گی۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں وہ حکومت سازی کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔



