دبئی کے جبل علی میں پے در پے سات دھماکے، خوف و ہراس پھیل گیا
دبئی: متحدہ عرب امارات کے جبل علی صنعتی علاقے میں ہونے والے پے در پے دھماکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ اطلاعات کے مطابق بیس منٹ کے دوران سات زور دار دھماکے سنے گئے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں آسمان کی جانب اٹھتے گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکوں کے فوراً بعد علاقے میں ہنگامی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ بعض اطلاعات میں بتایا گیا کہ واقعے کی ویڈیو بنانے والے دو افراد کو حراست میں لیا گیا، تاہم حکام نے اس بارے میں باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے حملے کا نتیجہ تھے یا کسی صنعتی حادثے کے باعث پیش آئے۔ بعض علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یمن سے میزائل حملہ کیا گیا، تاہم اماراتی حکام نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب سیاروں کی نگرانی کرنے والے ادارے کی حرارتی تصاویر کے مطابق بندرگاہ کے قریب ایندھن ذخیرہ کرنے والے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
جبل علی امارات کا ایک نہایت اہم صنعتی، تجارتی اور بحری مرکز ہے، جہاں دنیا کی بڑی بندرگاہوں میں سے ایک واقع ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پورا خلیجی خطہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے، جس کے سبب اس واقعے نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



