دنیا کا سب سے تنگ ترین گھر وارسا کا ’کیریٹ ہاؤس‘ محض 72 سینٹی میٹر چوڑا، انوکھے ڈیزائن
وارسا: پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں قائم دنیا کے سب سے پتلے اور تنگ ترین مکان ’کیریٹ ہاؤس‘ نے ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ دو بڑی عمارتوں کے درمیان محض 150 مربع فٹ کے خالی خلا میں تعمیر کیا گیا یہ انوکھا گھر اپنے سب سے تنگ مقام پر صرف 72 سینٹی میٹر (28 انچ) اور چوڑے مقام پر زیادہ سے زیادہ 122 سینٹی میٹر (48 انچ) چوڑا ہے۔
یہ منفرد ڈھانچہ پولش ماہر تعمیرات یاکوب شچیسنی نے ڈیزائن کیا تھا۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد کی ایک رہائشی عمارت اور جنگ سے قبل کی ایک پرانی یہودی عمارت کے درمیانی خلا کو استعمال میں لانے کا خواب دیکھا، جو اکتوبر 2012 میں تقریباً تین سال کی محنت کے بعد مکمل ہوا۔
بلڈنگ قوانین کی رکاوٹوں کے سبب وارسا انتظامیہ نے اسے باقاعدہ مکان کے بجائے ایک ’آرٹ انسٹالیشن‘ کے طور پر منظور کیا۔
یہ گھر تین سطحوں (Levels) پر منقسم ہے اور جگہ کے ہر سینٹی میٹر کا شاندار استعمال کیا گیا ہے۔ گلی کے ایک تنگ راستے اور لوہے کی سیڑھیوں کے ذریعے داخلے کے بعد اگلی منزل پر ایک چھوٹا کچن، ڈائننگ اور بیٹھنے کی جگہ، باتھ روم اور ورک اسپیس بنائی گئی ہے۔
اوپر کی منزل پر لکڑی کی سیڑھی کے ذریعے بیڈ تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ قدرتی روشنی کے لیے چھت پر اسکائی لائٹ لگائی گئی ہے۔ یہ شاہکار معروف اسرائیلی مصنف ایتگر کیریٹ کے لیے بطور عارضی رہائش اور ورک اسپیس بنایا گیا تھا، جو آج شہری فن تعمیر کا نایاب نمونہ بن چکا ہے۔



