نانا پاٹیکر کا انتقال، آخری رسومات کے لیے میت گوا سے پونے روانہ
بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 سال کی عمر میں جمعرات کی صبح گوا میں انتقال کرگئے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی تقریباً 45 منٹ کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ اداکار کو گوا کے ڈونا پاؤلا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بے ہوش پایا گیا تھا، جس کے بعد انہیں منی پال اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر انہیں مردہ قرار دیا گیا۔
متعدد قومی ایوارڈز حاصل کرنے والے نانا پاٹیکر کو اپنی نسل کے بہترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی ووڈ سمیت فلمی اور فنون سے وابستہ شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔
مہاراشٹرا حکومت نے نانا پاٹیکر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کی شام ان کی میت گوا سے پونے روانہ کی گئی۔ اس سے قبل میت کو تقریباً 20 منٹ تک آخری دیدار کے لیے رکھا گیا، جس کے بعد اسے سجے ہوئے ایمبولینس کے ذریعے شمالی گوا کے موپا میں واقع منوہر بین الاقوامی ہوائی اڈے منتقل کیا گیا۔
اداکار شیکھر سمن نے بتایا کہ نانا پاٹیکر ان کے ٹاک شو میں شرکت کرنے والے تھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر انہیں بہترین اداکاروں اور بہترین انسانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
سلمان خان نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ نانا پاٹیکر کو سکون ملے۔ دونوں نے فلم ’’خاموشی: دی میوزیکل‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
نغمہ نگار اور مصنف جاوید اختر نے بھی نانا پاٹیکر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ کرن جوہر اور اداکار انو کپور سمیت دیگر فلمی شخصیات نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔



