جی 7 اجلاس میں مودی جی کا اہم مطالبہ، سمندری کارکنوں کے تحفظ پر زور
حالیہ جی 7 اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سمندری راستوں کی حفاظت اور سمندری کارکنوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت سے وابستہ افراد کو اپنے فرائض خوف کے بغیر انجام دینے کا حق حاصل ہے۔
فرانس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور تجارتی رکاوٹوں نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کے باعث کئی بھارتی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ سمندری تجارتی راستوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ دنیا بھر کے ممالک کے درمیان تجارت بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں خلیج عمان میں ایک حملے کے دوران تین بھارتی ملاح ہلاک ہوگئے تھے۔
مودی نے اپنی تقریر میں اعتماد، سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کو عالمی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں توانائی، خوراک، صحت اور معیشت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اس لیے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد انتہائی اہم ہے۔
بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں مودی نے مذاکرات، بین الاقوامی قوانین کے احترام اور پائیدار امن کی ضرورت پر بھی زور دیا۔



