شاہ رخ خان کا فلم ’کنگ‘ میں دبنگ انداز، نئے پوسٹر میں ایبس کی نمائش ’قاتل نہیں، عاشق ہوں‘
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کا نیا پوسٹر جاری کرکے مداحوں میں جوش بڑھا دیا ہے۔ پوسٹر میں اداکار ہاتھ میں بندوق، ہونٹوں میں سرخ گلاب اور کھلی بھوری قمیص میں نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے سینے پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا یہ ایکشن سے بھرپور انداز فلم کے بارے میں تجسس میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
شاہ رخ خان نے منگل کی صبح سوشل میڈیا پر پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’آج پھر یاد آیا۔۔۔ قاتل نہیں، عاشق ہوں۔‘‘ ان کے اس مختصر مگر پُراثر پیغام کو مداحوں کی جانب سے خاصی توجہ مل رہی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کے علاوہ دیپیکا پڈوکون، جیکی شراف، انیل کپور، ابھیشیک بچن، ارشد وارثی اور رانی مکھرجی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، کرینہ کپور خان بھی فلم میں خصوصی طور پر نظر آ سکتی ہیں۔
’کنگ‘ کی کہانی اور اسکرین پلے پر سوجوئے گھوش، سدھارتھ آنند، سریش نائر، ساگر پانڈیا اور عباس ٹائروالا نے کام کیا ہے۔ فلم کو ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلکس پکچرز پروڈیوس کر رہے ہیں۔
فلم کی ریلیز ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ہالی ووڈ کی بڑی فلمیں ’ایونجرز: ڈومزڈے‘، ’ڈیون: پارٹ تھری‘ اور ’جمانجی: اوپن ورلڈ‘ بھی اسی تہوار کے سیزن میں ریلیز ہونے والی ہیں۔ ہالی ووڈ فلموں سے ممکنہ مقابلے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ وہ خود کو سینڈوچ کے درمیان پھنسا ہوا نہیں سمجھتے، بلکہ درمیان میں موجود مزیدار ٹکی ہیں۔



