رومانیہ اینڈریو ٹیٹ پر نابالغوں کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے الزام میں فردِ جرم عائد
رومانیہ کے پراسیکیوٹرز نے جمعے کے روز سوشل میڈیا شخصیت اینڈریو ٹیٹ پر نابالغوں کی اسمگلنگ، ایک نابالغ سے جنسی تعلق اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں فردِ جرم عائد کر دی۔ رومانیہ کی انسدادِ منظم جرائم ایجنسی ڈی آئی آئی سی او ٹی کے مطابق ان کے بھائی ٹرسٹن ٹیٹ کو بھی اس مقدمے میں معاونت کے الزام میں شریکِ ملزم قرار دیا گیا ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ ٹیٹ برادران نے ایک متاثرہ لڑکی کو محبت کے جھوٹے رشتے کا یقین دلا کر مجبور کیا کہ وہ آن لائن ویب کیم کاروبار کے لیے قابلِ اعتراض مواد تیار کرے۔ ایجنسی کے مطابق برادران نے 2012 میں انگلینڈ کے قصبے لوٹن سے ایک پندرہ سالہ لڑکی کو بھرتی کیا تھا اور رومانیہ منتقل کیے جانے کے بعد اس کی ویب کیم سرگرمیوں سے بارہ لاکھ ڈالر سے زائد رقم حاصل کی۔
الزامات کے مطابق ٹرسٹن ٹیٹ کو متاثرہ لڑکی کی عمر معلوم تھی اور 2014 سے 2021 کے دوران اس نے جان بوجھ کر لڑکی کو اپنے بھائی کے جذبات کے بارے میں دھوکہ دیا۔ ایجنسی نے یہ بھی الزام لگایا کہ دسمبر 2020 سے 2021 کے وسط تک اینڈریو ٹیٹ نے ایک اور پندرہ سالہ نابالغ متاثرہ لڑکی کے ساتھ متعدد بار جنسی تعلقات قائم کیے۔
فردِ جرم میں یہ بھی کہا گیا کہ دسمبر 2023 سے جولائی 2024 کے دوران برادران نے اسمگلنگ سے حاصل رقم چھپانے کے لیے تقریباً آٹھ لاکھ پچیس ہزار یورو مالیت کی چار عالیشان گاڑیاں خریدیں، جنہیں ضبط کرنے کی درخواست بھی دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 39 سالہ اینڈریو ٹیٹ اور 38 سالہ ٹرسٹن ٹیٹ کو پہلی بار 2022 کے آخر میں دارالحکومت بخارسٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، اور 2023 میں بھی ان پر فردِ جرم عائد ہو چکی تھی، تاہم عدالت نے قانونی بے قاعدگیوں کے باعث مقدمہ واپس بھیج دیا تھا۔ دونوں بھائی اس وقت میامی میں زیرِ حراست ہیں جہاں برطانوی حکام نے جنسی جرائم کے الزامات پر ان کی حوالگی کی درخواست دے رکھی ہے۔ ٹیٹ برادران نے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے سیاسی سازش کا دعویٰ کیا ہے۔



