بین الاقوامیعرب دنیا

ویتنام میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، 15 بھارتی جان بحق، متعدد زخمی

ویتنام کے معروف سیاحتی مقام فو کوک جزیرے کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک کشتی حادثے میں کم از کم 15 بھارتی شہری جان بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں کو لے جانے والی کشتی خراب موسم، تیز ہواؤں اور بلند لہروں کے باعث الٹ گئی۔

رپورٹس کے مطابق کشتی میں 36 افراد سوار تھے، جن میں 32 بھارتی سیاح، تین عملے کے ارکان اور ایک معاون شامل تھا۔ حادثے کے بعد تمام مسافر سمندر میں گر گئے، جس کے بعد مقامی حکام نے فوری طور پر امدادی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

اب تک 21 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جان بحق ہونے والوں میں 10 افراد تمل ناڈو، تین آندھرا پردیش اور دو کیرالہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

بھارتی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہنوئی اور ہو چی منہ سٹی میں کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی سفیر بھی قونصلر معاونت اور مقامی حکام سے رابطے کے لیے حادثے کے مقام کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سفارت خانہ متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔

راہول گاندھی نے بھی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ویتنامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو کارروائیوں کو مزید مؤثر بنائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔

دریں اثنا آندھرا پردیش کے وزیر نارا لوکیش نے بھی اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button