سوشل میڈیا پر 80 کی دہائی کا اے آئی فیور بھارتی رہنما بھی ریٹرو رنگ میں رنگ گئے
نئی دہلی: سوشل میڈیا پر ان دنوں 1980 کی دہائی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تصاویر کو ریٹرو انداز میں بدلنے کا رجحان زور پکڑ چکا ہے। انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین اپنی جدید تصاویر کو 80 کی دہائی کی ونٹیج تصویروں میں تبدیل کر رہے ہیں، اور اب بھارت کے سرکردہ سیاسی رہنما بھی اس نوسٹالجیا والی لہر میں بھرپور انداز میں شریک ہو گئے ہیں۔
اس وائرل ٹرینڈ کا حصہ بننے والی سیاسی شخصیات میں مرکزی وزیر تجارت وصنعت پیوش گوئل پیش پیش رہے۔ انہوں نے اپنی اے آئی سے تیار کردہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ 80 کی دہائی کی یادوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
تصویر میں وہ گرے سوٹ، سفید شرٹ اور ایوی ایٹر سن گلاسز لگائے نظر آئے، جس میں پرانے اسٹوڈیو فوٹوگرافی جیسا سیپیا ٹون اور فلم گرین موجود تھا۔ اسی طرح مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے بھی اس دور کا روپ دھار کر شائقین کی توجہ سمیٹ لی।
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے گاڑی کے برابر کھڑے ہو کر اوپن شرٹ، بلیزر اور چشمے والا اپنا اے آئی اوتار شیئر کیا اور لکھا کہ سبھی 80 کی دہائی کے سحر میں جکڑے ہیں تو وہ بھی پیچھے نہ رہے؛ بعد میں انہوں نے اسی دہائی کی اپنی اصلی تصویر بھی شیئر کی। آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے دلچسپ تصاویر پوسٹ کیں، جبکہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے بھی انسٹاگرام پر یہ روپ اپنایا۔ کانگریس سیوا دل نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کی اے آئی تصاویر شیئر کیں۔
دوسری جانب، کانگریس رہنما ششی تھرور نے بالکل جداگانہ راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے اے آئی کے بجائے 1980 کی دہائی کی اپنی اور اپنے بیٹوں، ایشان اور کنشک کی اصل تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے روایتی اور حقیقی انداز سے اس ٹرینڈ میں شامل ہونے کو ترجیح دی ہے।



