انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا خوفناک زلزلہ، 38 افراد ہلاک، سونامی کا الرٹ جاری
فلورس کے ساحلی علاقے میں ہفتہ کی صبح آنے والے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ عمارتیں منہدم ہونے، مٹی کے تودے گرنے اور سڑکیں بند ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیدا ہوگئیں۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 58 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔ انڈونیشیائی جیو فزکس ایجنسی کے مطابق پہلے جھٹکے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔
حکام کے مطابق سیکا، مغربی مانگڑائی اور مشرقی مانگڑائی کے علاقوں میں عمارتیں گرنے اور مٹی کے تودے آنے سے جانی نقصان ہوا۔ کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے، جبکہ دو دیہاتی لاپتہ ہیں جن کے ملبے اور کیچڑ تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
زلزلے کے بعد سونامی کا الرٹ بھی جاری کیا گیا۔ بعض علاقوں میں ایک میٹر سے کم بلند لہریں ریکارڈ ہوئیں، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد سونامی کی وارننگ ختم کردی گئی۔ حکام نے سمندر کی سطح پر نگرانی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انڈونیشیا بحرالکاہل کے زلزلہ خیز حلقے میں واقع ہونے کے باعث زلزلوں کے خطرے سے دوچار رہتا ہے۔ 1992 میں فلورس میں 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی آیا تھا، جس میں تقریباً 2,500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


