بین الاقوامیعرب دنیا

کولمبیا میں شدید زلزلہ، 47 افراد ہلاک، کئی شہری ملبے تلے دب گئے

کولمبیا میں پیر کے روز آنے والے 7.4 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی ارضیاتی ادارے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 34 منٹ پر آیا۔ اس کا مرکز سان خوسے ڈیل پالمر سے تقریباً پانچ کلومیٹر مشرق میں تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کم از کم 20 عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ مختلف علاقوں میں شہریوں کے ملبے تلے پھنسنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

حکام کے مطابق زلزلے کے باعث مغربی کولمبیا کے چھ ہوائی اڈوں پر فضائی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔ ان میں پریرا، مانیسالس، کوئبدو، آرمینیا، کارتاگو اور بوینا وینتورا کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔

وینزویلا تک محسوس کیے گئے جھٹکے

شدید زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک وینزویلا میں بھی محسوس کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں حالیہ مہینوں کے دوران بھی طاقتور زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

جون میں وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو بڑے زلزلے آئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ سرگرمیاں کیریبین اور جنوبی امریکی زمینی پلیٹوں کی حدود سے متعلق ہیں۔

امریکی ارضیاتی ماہرین زلزلے سے متعلق اعداد و شمار کا مزید جائزہ لے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی معلومات سامنے آنے کے بعد زلزلے کی شدت اور نقصانات کے اعداد و شمار میں تبدیلی ممکن ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button